الوقت - نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے ایک مسلم پولیس افسرکو اپنی داڑھی چھوٹی نہ کرنے کی وجہ سے معتل کردیا ہے۔ مذکورہ پولیس افسر نے عدالت میں محکمہ پولیس اور نیو یارک شہر کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق پولیس افسر مسعود سید سے منگل کے روز جب ان کے افسر نے داڑھی چھوٹی کرنے کو کہا تو سید نے ایسا کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد انہیں معطل کردیا گیا۔ نیو یارک کے محکمہ پولیس میں کام کرنے والوں کو داڑھی رکھنے کی ممانعت ہے لیکن مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لئے رعایت کے طور پر ایک میلی میٹر تک لمبی داڑھی رکھنے کی اجازت ہے۔
لیکن مسعود سید ایک میلی میٹر کے بجائے ایک انچ تک لمبی داڑھی رکھنا چاہتے ہیں اور اس کو وہ اپنی مذہبی آزادی مانتے ہیں۔ ان کے وکیل نے بدھ کو مرکزی عدالت میں بتا یا کہ منگل کو مسعود سید کو اس وقت معطل کیاگیا جب انہوں نے باس کے کہنے کے باوجود اپنی داڑھی کو چھٹی کرنے سے انکار کر دیا۔ اس معاملے میں عدالت نے محکمۂ پولیس کو حکم دیا ہے کہ جب تک مقدمہ کا فیصلہ نہ آجائے تب تک مسعود سید کی تنخواہ جاری رکھی جائے۔
مسعود سید عدالت کے اس فیصلے سے خوش ہیں اور طویل قانونی جنگ کے لئے تیار نظر آتے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں میں جج کے فیصلے سے بہت خوش ہوں۔ یہ ایک درست فیصلہ ہے لیکن اب آگے ایک طویل قانونی راستہ طے کرنا ہے۔ مسعود سید کے بقول انہیں محکمہ میں سے بہت سے ساتھیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ مسعود ایک وکیل بھی ہیں اور پولیس میں گزشتہ 10 برسوں سے کام کر رہے ہیں اور اس وقت وہ لاء کلرک کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔
قبل ازایں مسعود نے ایک میلی میٹر تک لمبی داڑھی رکھنے کی اجازت محکمۂ پولیس سے حاصل کرلی تھی اور انہیں گزشتہ برس دسمبر تک کوئی پریشانی نہیں ہوئی تھی۔ لیکن جب ان کی داڑھی ایک میلی میٹر کی حد سے بڑھ گئی تو ان سے داڑھی چھوٹی کرنے کو کہا گیا اب عدالت میں اس کیس کی اگلی پیشی 8 جولائی کو ہوگی جس میں اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔