الوقت - افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے بم دھماکے میں چودہ افراد ہلاک ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، یہ بم دھماکہ پیر کے دن نیپالی گارڈز کی منی بس کے راستے میں ہوا۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پرلکھا ہےکہ اس بم دھماکے میں چودہ افراد مارے گئے جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے نے اس حملے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے۔
کابل کے پولیس سربراہ عبدالرحمان رحیمی کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں افغان سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب افغان وزارت داخلہ نے کابل بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ اس حملے میں ملوث عناصر افغان عوام کے ایسے جانی دشمن ہیں جو سیکورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے بیان میں آیا ہے کہ سیکورٹی فورس کے ہاتھوں سنگین شکست کھانے والے افغان عوام کے دشمن اپنی شکستوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اس طرح کے حملے کرتے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں اور یہ ان کی شکست اور کمزوری کی علامت ہے۔