الوقت - امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دعوی کیا گیا ہے کہ روزانہ ایک پیالہ دلیہ کھانے کی عادت کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکا کی معتبر ہاورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دلیہ کا استعمال کینسر سے موت کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
8 لاکھ افراد پر ہونے والی 12 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ 70 گرام دلیہ کھانا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 22 فیصد اور کینسر سے موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم کرتا ہے۔
محققین کا ماننا ہے کہ اجناس جیسے دلیے پر مشتمل غذا کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھنے اور بلڈ شوگر لیول کو متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جبکہ لوگوں کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ غیرصحت مند غذاﺅں سے دور رہتے ہیں۔ اسی طرح اجناس پر مشتمل غذا خون کی شریانوں سے متعلقہ امراض جیسے ہارٹ اٹیک، فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ بھی 20 فیصد تک کم کردیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں کہ اجناس جیسے دلیہ، گندم وغیرہ کا استعمال بہتر صحت کا باعث بنتا ہے اور مختلف امراض سے موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔