الوقت - امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں سے لیس ایک حملہ آور نے کچھ لوگوں کو یرغمال بنا لیا اور لوگوں پر اندھا دھند گولیاں چلائی۔ حملے میں تقریبا 50 افراد کے ہلاک ہونے اور 53 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم بعد میں پولیس کے ساتھ ہوئی جھڑپ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ فلوریڈا کے گورنر نے بھی اس حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔
اورلینڈو پولیس کے سربراہ جان منا نے کہا کہ حملہ آور کے پاس کسی طرح کا '' مشکوک ساز وسامان 'بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ رات تقریبا دو بجے حملہ آور کی جھڑپ کلب میں تعینات ایک افسر کے ساتھ ہوئی، اس کے بعد وہ کلب کے اندرگھس گیا اور کچھ لوگوں کو یرغمال بنا لیا۔
صبح تقریبا پانچ بجے یرغمالیوں کو چھڑانے کے لئے اسپیشل ویپنس اینڈ ٹیكٹس ٹیم(سوات) بھیجی گئی اور انہی کے ساتھ تصادم میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ افسر منا نے کہا کہ ہمیں ابھی تک ہلاکتوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہے۔ کلب کے اندر تقریبا 50 افراد کی موت ہوئی ہے۔
فلوریڈا کے لاء اینفورسمینٹ محکمہ کے خصوصی ایجنٹ انچارج ڈینی بینکس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات دہشت گردانہ حملے کے لحاظ سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ دہشت گردی کا مقامی واقعہ ہے یا اس سے بین الاقوامی تار جڑے ہیں اور وہ اکیلا شخص تھا یا نہیں۔