الوقت - افغانستان میں ایک مسجد جمعہ میں بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 40 دیگر زخمی ہوئے۔
یہ بم دھماکہ پاکستان کی سرحد سے ملحقہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ہوا جہاں ان دنوں بدامنی ہے۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگياني نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ اس وقت ہوا جب لوگ صوبہ ننگرہار کے رودات ضلع کی حسارک جامع مسجد میں جمعے کی نماز کے لئے جمع ہوئے تھے۔ رودات، دارالحکومت کابل سے 120 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مسجد کے امام بھی شامل ہیں جبکہ 40 ديگر زخمی ہوئے ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے جس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا۔
رپورٹ ملنے تک کسی شخص یا گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری نہیں لی تھی۔
واضح رہے گزشتہ سال 25 دسمبر 2015 کو افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان کے پلی خمري ضلع میں ایک مسجد میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔