الوقت - کل امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی ہے ۔ بلا شبہ امام خمینی کا نام ، ایران اور دنیا کی تاریخ میں درخشاں ہے اور انہوں نے الہی جد و جہد کے تسلسل کو آگے بڑھایا ۔ ہماری نسل کے لئے یہ یقینا ایک قابل فخر بات ہے کہ وہ ایسے زمانے میں ہے جسے امام خمینی رحمت اللہ علیہ جیسی شخصیت کی قیادت کی نعمت ملی ہے ۔
امام خمینی نے بڑی بے باکی کے ساتھ عالمی سامراج کے خلاف تحریک شروع کی اور وہ بھی ایسے ملک میں جہاں جابر حاکم کے سامنے کسی میں آواز اٹھانے کی ہمت مشکل سے نظر آتی تھی ۔ امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اپنی عظیم تحریک سے ڈھائی ہزار سال سے جاری شہنشائیت کی بساط سمیٹ دی ۔ اب اگر کوئي امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی راہ پر چلنا چاہتا ہے تو اسے ان کے سات زریں اصولوں پر ہر حال میں عمل در آمد کرنا چاہئے ۔ خداوند عالم کے وعدوں پر بھروسہ اور سامراجی طاقتوں کے وعدوں پر بے یقینی ، خالص اسلام پر ایمان اور امریکی اسلام کی نفی ، عوامی طاقت پر اعتماد ، محروموں اور کمزوروں کی حمایت ، سامراج مخالف محاذ کی تقویت ، قومی خودمختاری میں ایمان اور تسلط پسند طاقتوں کی نفی اور قومی اتحاد و تفرقہ انگیز سازشوں پر توجہ ، امام خمینی کے سات زریں اصول ہيں ۔
آج عالم اسلام کے حالات انتہائي خراب ہيں ، سامراجی ذرائع ابلاغ ، سچ کو جھوٹ ، جھوٹ کو سچ قرار دے رہے ہيں اور آج ان کی سازشوں کے مقابلے میں امام خمینی کے زریں اصولوں کی افادیت پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو رہی ہے ۔ ہم اس عظیم شخصیت کی عظمت کو سلام کرتے ہيں ۔ ہر سال دنیا کے بہت سے لوگوں کی دھڑکن اس موقع پر تیز ہو جتی ہے کیونکہ یہ وہ ایام ہیں جن میں ایک ملکوتی انسان سے سماج محروم ہو گیا جس نے اس دنیا کو محروموں اور کمزوروں کے لئے زیادہ محفوظ بنا دیا تھا ۔ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کے موقع پر ان کے بارے میں بہت کچھ لکھا جا سکتا ہے لیکن مختصر طور پر اس وقت ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ امام خمینی رحمت اللہ کا ایک انتہائی اہم کارنامہ ، اقوام عالم کے خلاف عالمی سامراج کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے ۔ امام خمینی نے جس طرح سے سماج کے انتہائي کمزور اور محروم طبقے کی مدد سے اپنی تحریک آگے بڑھائی وہ دنیا میں اپنی مثال آپ ہے ۔ امریکہ کے جاپانی نژاد مفکر فرانسیس فوکویاما نے اسی وقت لکھا تھا کہ آیت اللہ خمینی کی وجہ سے دنیا بدل جائے گی ۔
امام خمینی نے اسلامی انقلاب کو ایک ایسی مضبوط بنیاد بنا دی جسے نقصان پہنچانا ممکن ہی نہيں رہا ۔ امام خمینی نے اپنے اس غیر معمولی جملے سے کہ ہمارا تنازعہ ، اسلام پر ہے ، جد و جہد کی وجہ اور محرک کو واضح کر دیا تھا ۔ امام خمینی رحمت اللہ نے اپنے اس جملے سے یہ واضح کر دیا کہ اسلامی انقلاب کا ، جوہر اور بنیادی عنصر ، اسلام ہے اور کسی بھی حال میں ، اسلام پر کوئي سمجھوتہ نہيں کیا جا سکتا ۔ امام خمینی کے خالص اسلام کے نظریہ کی وجہ سے ہی ، امریکی اور شدت پسندی کے رنگوں میں رنگے ، اسلام کی شناخت آسان ہوئي اور یہ بہت بڑا کام ہے ۔