الوقت - عراق کے شہر فلوجہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی مہم شروع ہو چکی ہے اور کچھ علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔
فلوجہ شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کروانے کی کارروائی پیر کو وزیر اعظم حیدر العبادي کے حکم پر شروع ہو گئی ہے۔ اس آپریشن میں 22 ہزار سے زیادہ فوجی شامل ہیں۔ آپریشن میں فوج، انسداد دہشت گردی کے ادارے، رضاکار فورس، ایئر فورس اور قبائلی جوان شامل ہیں۔ فلوجہ کو آزاد کروانے کا آپریشن چھ جگہوں سے شروع ہوا ہے۔
عراقی حکام نے بتایا ہے کہ داعش کا صوبہ الانبار کا سرغنہ علی داؤد دلیمي عراقی فضائیہ کے حملے میں مارا جا چکا ہے اسی طرح ابو طارق عسکری نام کا داعش کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔
عراقی رضاکار فورس کی جہاد بریگیڈ کے کمانڈر حسن الساری نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں فلوجہ کو آزاد کروا لیا جائے گا اور آپریشن شروع ہونے کے بعد اپنے معین شدہ پروگرام کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلوجہ کی آزادی کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوں گے اور اس سے بغداد اور آس پاس کے علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں کمی آئے گی۔ حسن الساری نے کہا کہ فلوجہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کروا کر وہاں عراق کا قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
عراقی فورسز نے فلوجہ کے قریب واقع كرمہ اور کچھ دیگر بستیوں اور گاؤں کو داعش سے آزاد کروا لیا ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ شہر فلوجہ کے اندر 400 سے 600 داعشي دہشت گرد موجود ہیں۔ فلوجہ شہر کی آبادی 50 سے 70 ہزار کے درمیان ہے۔
عراقی فوج نے اعلان کر دیا ہے کہ شہر کے لوگ اپنے ہاتھوں میں سفید پرچم لے کر نکلیں تو فوج انہیں محفوظ باہر جانے کا راستہ دے دے گی۔
دوسری جانب عراق کی مجلس اعلی اسلامی کونسل کے صدر سید عمار حکیم نے فلوجہ کے آزاد ہو چکے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجیوں اور رضاکار دستوں سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے سیاسی سطح پر یکجہتی ضروری ہے۔
سید عمار حکیم نے منگل کو کہا کہ فلوجہ میں جو کامیابی ملی ہے اس کے پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہرے بند ہو جائیں۔ عمار حکیم نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس ایک بار پھر شروع ہونا چاہئے اور سیاسی حلقوں کی جانب سے فوج کی حمایت ضروری ہے۔
سید عمار حکیم نے ملک کے رہنماؤں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوجی جو ملک کی ترقی کی راہ میں اپنا خون بہا رہے ہیں ملک میں سیاسی استحکام اور امن کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔