الوقت - یونیسیف کا کہنا ہے کہ 2015 کے آخری تین مہینوں کے دوران صیہونیوں کے ہاتھوں کم از کم 25 فلسطینی بچے شہید ہوئے ہیں۔
ہفتے کو جاری ہونے والی رپورٹ میں یونیسیف نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ اور تشدد آمیز رویہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں کے خلاف اسرائیل کا ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال تشویشناک ہے۔ خاص طور پر جب چاقو سے حملے کے شبہ میں بچوں کو گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران 1300 سے زیادہ بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یونیسیف نے 25 اکتوبر 2015 کی اس واقعہ کی مثال بھی دی ہے جس میں اسرائیلی فوجی تفتیش کے بہانے ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکی کو اٹھا لیتے ہیں اور اسے کم از کم پانچ گولیاں مار کر شہید کر دیتے ہیں۔