الوقت - فلسطین کے خبری ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی جوان زخمی ہو گیا۔
فلسطین اليوم ویب سائٹ کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کو مقبوضہ فلسطین کے وادی الحمص علاقے میں ایک فلسطینی نوجوان خلیل تعمیری کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ صیہونی بستیوں کے باشندوں نے ایک بار پھر فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا۔ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔
صیہونی فوجی، مسجد الاقصی پر کنٹرول کرنے اور انتفاضہ قدس کو قابو میں کرنے کے لئے اس علاقے کے فلسطینیوں پر مسلسل حملے کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطین کے کئی علاقوں میں اکتوبر 2015 کے شروع سے صیہونی حکومت کی غاصبانہ پالیسیوں، بیت المقدس کی شناخت کو تبدیل کرنے کی اسرائیل کی سازش اور مسجد الاقصی کو زمان اور مکان کے مطابق تقسیم کرنے کے منصوبے کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے شروع ہوئے ہیں جوانتفاضہ قدس کے نام سے مشہور ہے۔
انتفاضہ قدس کے شروع سے اب تک مغربی کنارے، غزہ پٹی اور بیت المقدس میں صیہونیوں کے ہاتھوں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔