الوقت - شام کے صدر نے نازی جرمنی پر سوویت یونین کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر روس کے صدر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
بشار اسد نے ولادیمیر پوتين کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں شمال مغربی شام کے حلب شہر میں جاری بدامنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شہر حلب کی اس وقت کی صورت حال، نازیوں کے حملے کے وقت روس کے اسٹیلن گراڈ شہر کی المناک صورت حال کی طرح ہے ۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے جمعرات کو رپورٹ دی ہے کہ شامی صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں روس کے صدر، حکومت اور عوام کو شام کی حکومت اور عوام کی جانب سے نازی جرمنی پر روس کی فتح کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ روسی عوام نے نازیوں پر فتح کے لئے بھاری قیمت ادا کی لیکن تاریخ میں ایک مزاحمت کار قوم کے طور پر اپنا نام ہمیشہ کے لئے زندہ کر لیا اور مستقبل کی نسلوں کے لئے تشویق کا ذریعہ بن گئی۔
شام کے صدر نے اس پیغام کے ایک اور حصے میں دہشت گرد گروہوں سے جدوجہد میں شامی قوم کی حمایت کرنے کی وجہ سے روس کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ روس کی حمایت نے ایک بار یہ بات ثابت کر دی کہ روسی قوم نے ہمیشہ ان قوموں کی حمایت کی ہے جو تشدد، جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا شکار بن رہی ہیں۔ بشار اسد نے کہا ہے کہ شام کے شہروں خاص کر حلب کو آج انہی مسائل کا سامنا ہے جن کا سامنا اسٹیلن گراڈ نے بڑی شجاعت کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دشمنوں اور حملہ آوروں کی طاقت اور غرور، شامی قوم اور فوج کو نہیں جھکا سکے گا اور شام کی بہادر فوج اپنے جذبہ ایثار و قربانی کی مدد سے فتح حاصل کرے گی اور انسانیت کے دشمنوں کو اپنی سرزمین سے نکال کر رہے گی۔