الوقت - صیہونی فوجیوں نے اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے مزاحمت کاروں کے درمیان غزہ پٹی میں براہ راست جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ 2014 میں پچاس روزہ جنگ کے بعد پہلی بار اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے مزاحمت کاروں کے درمیان براہ راست جھڑپیں ہوئی ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کو غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر حملے کئے جس کا جواب مزاحمت کاروں نے دیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ اسی طرح صیہونی فوج نے بدھ کی رات غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا تھا جس میں چار فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے غیر آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب کم از کم 5 مقامات پر بمباری کی تھی۔
اسرائیلی فضائیہ نے بدھ کو جنوبی شہر رفح کے قریب واقع اس ہوائی اڈے اور اس کے آس پاس واقع زرعی زمینوں پر یہ بمباری کی تھی۔
اس حملے کے جواب میں حماس کی فوجی شاخ عزالدین القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں خبردار کیا کہ ہم غزہ پر صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔ دشمن غزہ سے فوری طور پر نکل جائے۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے بھی غزہ کی سرحد پر کسی طرح کے تصادم کے انجام کی جانب سے اسرائیل کو خبردارد کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2014 میں غزہ پر اسرائیل کی پچاس روزہ جنگ کے دوران 2300 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔