الوقت - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی سے جدوجہد کے لئے اسلامی ممالک کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی شام ملیشیا کے وزیر خارجہ حنیفہ امان سے ملاقات میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج دہشت گرد گروہ، جن کا حقیقی اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اپنے جرائم کو اسلام اور جہاد کے نام پر انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس وقت علاقے کو وسیع مسائل کا سامنا ہے، کہا کہ بڑے اور مؤثر مسلم ممالک کو ایک دوسرے سے تعاون کے ذریعے دشمنی کے خاتمے ، ان مسائل میں کمی اور عالم اسلام میں امن و استحکام کے قیام کے لئے اپنے مذہبی و انسانی کردار ادا کرنا چاہئے۔
صدر روحانی نے اقتصادی، سائنسی اور ثقافتی شعبوں میں ایران اور ملیشیا کے درمیان تعاون میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون کے کمیشن کے قیام کے ذریعے تہران اور كوالالمپور کے ذریعے تعاون میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا۔
اس ملاقات میں ملیشیا کے وزیر خارجہ حنيفہ امان نے کہا کہ ان کا ملک تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون میں توسیع کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سائنس، سیاحت و معیشت کے شعبوں میں پائی جانے والی صلاحیتوں کے مطابق تعاون میں توسیع ہونی چاہئے۔ انہوں نے اسی طرح زور دے کر کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے تمام مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیے اور ایران اور ملیشیا اس سلسلے میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں۔