الوقت - شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے انہیں شدید جانی نقصان پہنچایا ہے۔
شام سے موصولہ خبروں کے مطابق، شامی فوج نے صوبہ حمص میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کر کئی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ شامی فوج نے صوبہ حمص کے شہروں پالميرا اور حويسيس میں داعش کو بھاری نقصان پہنچایا۔ شام کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور بڑی مقدار میں ان کے ہتھیار اور گولہ بارود کو تباہ کر دیا گیا۔
ادھر شامی فوج کی فضائیہ نے جنوبی شہر درعا میں دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے ٹھکانے پر بمباری کی۔ دوسری طرف شمالی شہر حلب کے حی الزہراء میں النصرہ فرنٹ کے دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم دو شہری جاں بحق اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں نے عزیزیہ ، المیدان ، منشي، سعد اللہ الجابری اور باب الفرج سمیت حلب کے کئی رہائشی علاقوں پر بھی مارٹر گولے سے حملے کئے جن میں کئی عام شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
ادھر دہشت گرد گروہ احرار الشام کا سرغنہ سعود العساف کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ شامی ذرائع سے ملی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ احرارالشام کا سرغنہ سعود العساف صوبہ ادلب کے مضافاتی علاقے معصران میں ہوئے ایک دھماکے میں مارا گیا۔
کہا جا رہا ہے کہ اس کی کار اس وقت دھماکے سے تباہ ہو گئی جب وہ معصران علاقے سے گزر رہا تھا۔
کچھ دن پہلے احرارالشام دہشت گرد گروہ کا سرغنہ ماجد حسین الصادق بھی ادلب کے مضافاتی شہر بنش میں واقع اپنے اڈے میں ہوئے دھماکے میں مارا گیا تھا۔ اس دھماکے میں اس کے تین دیگر ساتھی بھی مارے گئے تھے۔