الوقت - امریکی صدر باراک اوباما نے برطانوی حکومت پر زور دیاہے کہ وہ یورپی یونین سے نہ نکلے یہی سب کے مفاد میں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جمعے کو امریکی صدر باراک اوباما دورہ سعودی عرب کے بعد برطانیہ پہنچے، قبل از ایں برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف میں باراک اوباما کا ایک مضمون شائع ہوا تھا جس میں انھوں نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے خلاف دلائل دیئے۔ اوباما نے لکھا کہ یورپی یونین بلاک کی بدولت برطانیہ کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے، اس لئے برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنا چاہئے، یہی برطانیہ اور امریکا کے مفاد میں ہے۔
انھوں نے مزید لکھا کہ میرے اچانک دورہ برطانیہ سے متعلق قیاس آرائیاں اور سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ برطانیہ کے عوام کو کرنا ہے لیکن میں قریبی دوست کی حیثیت سے برطانیہ کو مشورہ دوں گا کہ وہ یورپی یونین کی رکنیت ختم نہ کرے، کیونکہ برطانیہ کے فیصلے سے اثرات امریکی مفادات پر ہوں گے اور برطانیہ جس راستے کا انتخاب کرے گا، اس کے اثرات امریکا کی موجودہ نسل پر بھی پڑیں گے۔ ان کے مطابق یورپی یونین بلاک برطانوی اقدار، اس کے طرز جمہوریت اور معاشی طرز عمل کو خطے میں بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ صدر باراک اوباما ایک ایسے موقع پر برطانیہ کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب برطانوی عوام یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کا غور کر رہے ہیں۔ ایسے میں اوباما کی جانب سے برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنے پر زور دیئے جانے کے بعد اسے دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے سے متعلق 23 جون کو ریفرنڈم کیا جائے گا۔