الوقت - عرب لیگ نے صیہونی حکومت کی جانب سے شام کے مقبوضہ علاقے گولان ہائٹس کو اسرائیل کا لازمی حصہ قرار دینے کے اشتعال انگیز اعلان اور مذکورہ علاقے میں صیہونی کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے پر بحث کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو عرب لیگ میں کویت کے مندوب نے درخواست کی کہ گولان ہائٹس سے متعلق صیہونی حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات اور بیانات کے بارے میں متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔ بعد از اں عرب لیگ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب لیگ کے مندوبین کا ہنگامی اجلاس جلد ہی منعقد کیا جائے گا جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔
بیان کے مطابق اجلاس میں صیہونی حکومت کیا جانب سے گولان ہائٹس کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کے اشتعال انگیز اقدام پر متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جولان کی پہاڑیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق متنازع علاقہ ہے جس پر اسرائیل کی ملکیت کا دعوی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اس نوعیت کے دعوے مشرق وسطیی میں قیام امن کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں اور عالمی قوانین کے ساتھ مذاق ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے تاریخ میں پہلی پار اسرائیلی کابینہ کا اجلاس شام کے مقبوضہ علاقے جولان کی پہاڑیوں میں منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا تھا کہ عالمی برادری کو گولان ہائٹس پر اسرائیل کے قبضے کو قبول کر لینا چاہئے۔