الوقت - امریکا کے صدر باراک اوباما سعودی حکام سے ملاقات کے لئے ریاض روانہ ہو گئے ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ اور قومی سلامتی کی مشیر سوزین رائس بھی اس سفر میں باراک اوباما کے ساتھ ہیں۔ امید ہے کہ بدھ کو باراک اوباما سعودی فرمانروا ملک سلمان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں اوباما اور شاہ سلمان تکفیری گروہوں سے مقابلہ، بحران یمن اور شام اور اسی طرح ایران اور سعودی عرب کے اختلافات اور ممکنہ طور پر 11 ستمبر کے واقعے میں سعودی عرب کے کردار کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔
موصولہ خبروں کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما جمعرات کو خلیج فارس کے رکن ممالک کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین اور قطر خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک ہیں۔ باراک اوباما 21 اپریل کو برطانیہ جائیں گے جہاں سے وہ 24 اپریل کو جرمنی کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔