الوقت - داعش کے دہشت گردوں نے ایک بار پھر شام کے دیرالزور صوبے پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے۔
مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، منگل کی صبح داعش کے دہشت گردوں نے شام کے اس جنوبی صوبے میں شامی فوج کے ایک ائیربیس پر مسٹرڈ گیس سے حملہ کیا۔ اس حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹ ملنے تک اس حملے کا شکار ہونے والوں کی صحیح تعداد کا پتا نہیں چل سکا۔ کہا جا رہا ہے کہ داعش نے یہ حملہ دیر الزور کے جنوبی علاقے میں واقع ہوائی اڈے پر قبضہ کرنے کے لئے کیا تھا۔
شام کا صوبہ دیر الزور اسٹرٹیجک لحاظ سے اہم علاقہ ہے اور اسی سے داعش کا گڑھ رقہ بھیی ملا ہوا ہے اور رقہ، عراق میں سرگرم داعش کے عناصر کے لئے رابطہ لائن کی طرح ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے شام کی فوج اور رضا کار فورس کی کامیابیوں سے بوکھلائے دہشت گردوں نے اپنے جرائم کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ دہشت گردوں سے وابستہ خبر رساں ایجنسی نے بھی دعوی کیا ہے کہ اس کے لڑاکوں نے دیرالزور ائیرپورٹ کے نزدیک الجفرہ گاؤں پر وسیع حملہ کیا اور دو خودکش حملہ آور شامی فوج کی دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب رہے۔