الوقت- عراقی وزیر اعظم نے اپنی نئی کابینہ کے وزراء کی فہرست پارلیمنٹ میں پیش کر دی ہے۔
عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم حیدر العبادي نے کابینہ کے نئے وزراء کے ناموں کی فہرست جنہیں ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کی بنیاد پر وزارتوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے، پارلیمنٹ میں پیش کر دی ہے۔
در ایں اثنا یہ بھی خبر موصول ہوئی ہے کہ 280 ارکان پارلیمنٹ نے نئی کابینہ کے وزراء کے ناموں پر بحث شروع کر دی ہے۔
اس سے پہلے پارلیمنٹ نے وزیر اعظم حیدر العبادي کو جمعرات تک کا موقع دیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں نئی کابینہ کے وزراء کے ناموں کی فہرست پیش کریں۔ جمعرات کو جس وقت نئی کابینہ کے وزراء کے ناموں کی فہرست پارلیمنٹ میں پیش کی گئی، دارالحکومت بغداد کے تمام علاقوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ عراقی وزیر اعظم نے کچھ مہینہ پہلے ملک میں سیاسی اصلاحات کے تحت وعدہ کیا تھا کہ وہ کابینہ میں تبدیلی کرکے نئے وزراء کو ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کی بنیاد پر شامل کریں گے۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی گروہوں اور مؤثر شخصیات سے کہا تھا کہ وہ ایسے ٹیكنوكریٹس کے بارے میں اطلاع دیں جو وزارت کی ذمہ داری پوری سچائی اور ایمانداری کے ساتھ سنبھال سکیں۔