الوقت - پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی نرمی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے پیر کو قوم سے اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ مذہب کے نام پر لاقانونیت اور جلاو گھیراؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور حکومت نے اب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ لاہور نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے عوام سے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گي۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ معصوم افراد کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
نواز شریف نے دہشت گردوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو جان لینا چاہئے کہ ان کے مقدر میں ناکامی اور نامرادی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا کر ہمیں پیغام دینا چاہتےہیں لیکن ان کو جان لینا چاہئے کہ قوم کے ارادے مضبوط ہیں اور وہ اپنی منزل پا کے رہی رہے گی۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں حالیہ دہشت گردی کی ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تیرہ برسوں میں کسی نے بھی اس فتنے کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر نہیں دیکھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ لاہور سے پوری قوم رنج و غم میں مبتلا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد اپنی پناہ گاہوں اور تربیت گاہوں سے محروم ہو جانے کے بعد اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اسکولوں، تفریح گاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ڈھل مل رویے کے بعد آپریش ضرب عضب شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں مسلح افواج کے جوانوں نے بڑی قربانیاں دیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے جناح اسپتال میں جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی موجود تھے۔