الوقت - شامی فوج اور رضاکار فورس نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے، تاریخی شہر تدمر یا پالميرا کو پوری طرح آزاد کرا لیا ہے۔
شام کے میڈیا ذرائع نے اتوار کو اعلان کیا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی کے بعد شامی فوج نے یہ کامیابی حاصل کی۔ موجودہ وقت میں اس شہر کے تمام علاقوں پر شامی فوج کا کنٹرول ہے۔
خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق، پالميرا شہر کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لئے کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شامی فوجیوں نے حالیہ دنوں میں پالميرا کے مختلف علاقوں میں پیشرفت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
پالميرا کے مضافاتی علاقوں میں بھی شامی فوجیوں اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی حالیہ جھڑپوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے گزشتہ سال مئی میں شام کے تاریخی شہر پالميرا پر قبضہ کر لیا تھا۔ شام کا یہ شہر یونیسکو کی بین الاقوامی وراثت کی فہرست میں شامل ہے۔ داعش کے دہشت گردوں نے اس شہر پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں کے بہت سے تاریخی مقامات کو تباہ کر دیا تھا۔