الوقت - دہشت گرد گروہ داعش کا سینئر کمانڈر عبد الرحمان مصطفی القادولی ہلاک ہو گیا، وہ حاجی امام اور دیگر ناموں سے بھی جانا جاتا تھا۔
داعش کی خود ساختہ خلافت میں وہ ابو بکر البغدادی کا جانشین تھا۔ وہ دہشت گرد گروہ داعش کا وزیر خزانہ بھی تھا۔ امریکی میڈیا نے اعلی حکام کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بھی اس کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
القادولی کی ہلاکت کس طرح اور کب ہوئی اس کے بارے میں پختہ معلومات ابھی تک فراہم نہیں ہو سکی ہے۔ ڈیلی بیسٹ نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسی ہفتے شام میں امریکی اسپیشل فورسز کے جوانوں نے اسے ایک کارروائی میں ہلاک کر دیا جبکہ کچھ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ کئی دنوں کی نگرانی کے بعد امریکی طیاروں نے اس کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔
القادولی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ امریکہ نے اس پر 70 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔ 2012 میں جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ داعش سے وابستہ ہو گیا تھا۔ امریکی فضائی حملے میں بغدادی کے بری طرح زخمی ہونے کے بعد وہی دہشت گرد تنظیم کی ذمہ داری سنبھال رہا تھا۔
امریکا کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے القادولی کے ساتھ ہی دہشت گرد گروہ کے ایک اور سرغنہ ابو عمرالشیشانی کے بھی ہلاک ہونے کی تائید کر دی ہے۔ اس عمر دی چیچن کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ اس دہشت گرد کے سر پر 50 لاکھ ڈالر کا انعام تھا اور وہ داعش کی خود ساختہ خلافت میں وزیر دفاع تھا۔ گزشتہ دنوں شام میں الشیشانی کی ہلاکت کی خبر آنے کے بعد داعش سے وابستہ بعض ذرائع نے اس کی تردید کردی تھی۔ اس سے پہلے نومبر میں امریکی اسپیشل فورسز کے جوانوں نے دہشت گرد گروہ کے تیل کے کاروبار کو دیکھنے والے دہشت گرد ابو نبیل کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی بیوی کو زندہ پکڑا تھا۔