الوقت - شام کا تاریخی شہر پالميرا دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی ہونے کے قریب ہے۔
روس کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بدھ کو بتایا ہے کہ شام کی فوج اور رضاکار فورس نے تدمر یا پالميرا شہر کے قریب واقع حیا کے پہاڑی علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا ہے اور اب یہ علاقہ مکمل طور پر فوج کے کنٹرول میں ہے۔ فوج اور رضاکار فورس کی اس کارروائی میں دہشت گرد گروہ داعش کے کم از کم 70 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اس درمیان روس کی خبر رساں ایجنسی رشیا سگودينيا نے رپورٹ دی ہے کہ شامی فوج نے رضاکار فورسز کی مدد سے دمشق- پالميرا ہائی وے کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور پالميرا شہر کا چھ کلو میٹر کا علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد ہو گیا ہے۔
شامی فوج کی اس کامیابی سے شہر قريتين سے دہشت گردوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور اس علاقے سے انہیں ہتھیار اور دیگر مدد ملنے کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت پالميرا کے قریب شامی فورسز اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں اور دہشت گرد فوج کو پالميرا شہر میں داخل ہونے سے روکنے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔