الوقت - جرمن میڈیا کے حوالے سے الجزائر کے اخبار الشروق نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کی جاسوسی ایجنسی موساد نے الجزائر کی فوج کی جاسوسی کی ہے۔
موساد نے جرمنی کے ایک کارخانے کے ذریعے جو الجزائر کے لئے ایک پیشرفتہ جنگی بیڑا بنا رہی تھی، الجزائر کے فوجیوں کی جاسوسی کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ موساد کے دو جاسوس شمالی جرمنی کے ہمبرگ میں واقع کارخانے میں پہنچے جہاں الجزائر کے لئے بیڑا تیار ہو رہا تھا۔ یہ جنگی بیڑا گزشتہ مہینے مکمل ہو گیا اور اس نے جرمنی سے الجزائر کی جانب سفر شروع کر دیا ہے اور اپریل میں یہ جنگی بیڑا الجزائر پہنچ جائے گا۔
جرمنی اور الجزائر کے درمیان ہونے والے اتفاق کی بنیاد پر اسی کارخانے میں ایک اور بیڑا بنے گا جو آئندہ سال الجزائر کی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔ جرمن میڈیا کے مطابق دو مسلح افراد جن کے پاس اسرائیلی سفارتکاروں کے دستاویز تھے، کارخانے کے نزدیک دیکھے گئے جہاں پر بیڑا تیار کیا جا رہا تھا۔ جرمن پولیس نے ان دونوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو کمپنی بیڑا بنا رہی ہے اس پر جرمن حکومت کی جانب سے شدید دباؤ ہے کہ مذکورہ بیڑے میں پیشرفتہ ٹیکنالوجی نصب نہ کرے۔