الوقت - سارک کے اجلاس کے موقع پر ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج اور سرتاج عزیز کی ملاقات ہو سکتی ہے۔
پاکستان کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپال میں سارک کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز اور ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ملاقات ہوگی۔
سارک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس 16 اور 17 مارچ کو کھٹمنڈو میں منعقد ہوگا۔ دونوں ممالک کے خارجہ سکریٹریوں کے مذاکرات پٹھان کوٹ ہوائی چھاؤنی پر دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے منسوخ ہو گئے تھے لیکن اب سرتاج عزیز اور سشما سوراج کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات پھر سے شروع ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے وزیر اعظم تقریبا تین ہفتے بعد سیکورٹی کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے واشنگٹن کا دورہ کرنے والے ہیں لہذا اس بات کا امکان ہے کہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات سے پہلے نیپال میں سشما سوراج اور سرتاج عزیز کی ملاقات، مذاکرات کے ایجنڈے پر گفتگو کے لئے ہو رہی ہے۔