الوقت - افغانستان کے صوبہ ہلمند کے خانشین شہر پر طالبان کا قبضہ ہو گیا ہے.
ہلمند صوبہ کے خانشین شہر پر طالبان نے ایسی حالت میں قبضہ کر لیا کہ افغان سیکورٹی اہلکار ابھی حال میں دو دیگر اسٹراٹیجیک اہمیت کے حامل شہروں سے نکلے تھے۔ ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ طالبان اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد خانشین شہر پر طالبان کا قبضہ ہو گیا۔ ہلمند صوبہ کے مرکزی شہر لشکرگاہ کے ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان کے درمیان جھڑپیں گزشتہ رات سے شروع ہوئی اور آج صبح تک جاری رہیں۔ انہوں نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اس وقت شہر پر طالبان کا قبضہ ہے۔ اسی طرح اس خبر کی تائید خانشین شہر کے پڑوس میں واقع گرمسیر کے باشندوں نے بھی کر دی ہے تاہم ہلمند صوبہ کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ اب بھی طالبان اور سیکورٹی اہلکاروں میں شدید جنگ ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خانشین پر اب تک طالبان کا قبضہ نہیں ہوا ہے اور ہمارے فوجی اب بھی جنگ کر رہے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ صوبہ ہلمند میں افغان فوج کے سربراہ قدم شاہ شہیم نے کہا کہ طالبان اس صوبہ میں کمزور ہو گئے ہیں اور ان میں سیکورٹی اہلکاروں سے جنگ کرنے اور علاقوں پر قبضہ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ تین مہینہ پہلے بھی اس شہر پر طالبان کا قبضہ ہو گیا تھا لیکن کچھ عرصے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے اس علاقے کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔