ایران کے دارالحکومت تہران میں "حلقۂ احباب اردو، تہران" نے اپنی پہلی نشست کا انعقاد کیا۔ اس نشست کا موضوع " اردو ادب میں نعت کا مقام" تھا۔ نشست کا آغاز ڈاکٹر درانی کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور اس کے بعد نعت پڑھی گئي۔ نعت کے بعد تہران یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی استاد محترمہ ڈاکٹر وفا یزدان منش نے منتخب موضوع پر عمدہ اور علمی مقالہ پڑھا۔ نشست میں پاکستان کے معروف شاعر اور ای۔ سی۔ او۔ کے ثقافتی شعبے کے سربراہ جناب افتخار حسین عارف، تہران بلدیہ کے ایک اعلی عہدیدار جناب ڈاکٹر سید عبداللہ حسینی نے مذکورہ موضوع پرمفید اور معلوماتی تقریر کی۔ اس سے پہلے تہران یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے صدر جناب ڈاکٹر علی بیات نے "حقلۂ احباب اردو، تہران"کے قیام اور اس کی مجلس عاملہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق پروفیسر افتخار حسین عارف "حلقۂ احباب اردو، تہران" کے سرپرست ہوں گے اور ڈاکٹر علی بیات صدر ہوں گے۔ اس انجمن کے تین نائب صدور ڈاکٹر محمد کیومرثی(تہران یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سابق صدر)، ڈاکٹر محمد حسین تسبیحی اور سید مصطفی زیدی ہوں گے جبکہ ڈاکٹر راشد نقوی کو جنرل سکریٹری کے عہدے کے لئے منتخب کیا گيا ہے۔ ڈاکٹر وفا یزدان منش معاون جنرل سکریٹری، ڈاکٹر فرزانہ اعظم لطفی سکریٹری نشرو اشاعت، ڈاکٹر معصومہ غلامی معاون سکریٹری نشرو اشاعت اور ڈاکٹر علی کاووسی نژاد کو کوآرڈینیٹر چنا گيا ہے۔ اس نشست میں اعلان کیا گيا کہ حلقۂ احباب اردو کی طرف سے اردو ادب سے متعلق موضوع پر ماہانہ نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس نشست میں ریڈیو تہران کی اردو سروس سے وابستہ براڈکاسٹر ہاشم علی مغموم نے "حلقۂ احباب اردو، تہران" کے قیام کی مناسبت سے اپنی ایک نظم بھی پڑھی۔ پروگرام میں دیگر اہم شخصیات کے علاوہ ریڈیو تہران کی اردو ہندی سروس کے ڈائریکٹر قمر عباس اور ریڈیو تہران کے دو سابقہ ڈائریکٹووں ساجد رضوی اور اظفر کاظمی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ آخر میں "حلقۂ احباب اردو، تہران" کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر راشد نقوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس نشست میں تہران میں مقیم ہندوستانی اور پاکستانی خواتین و حضرات کے علاوہ اردو دوست ایرانی اور یونیورسٹی طلبہ بھی موجود تھے۔