الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ واقعہ فنی خرابی کے باعث رونما ہوا جبکہ بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق طالبان نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اس ھیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور 4 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں میں ناروے اور فلپائن کے سفیر جبکہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات شامل ہیں۔جبکہ پولینڈ اور ڈچ سفیروں سمیت 13افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ہیلی کاپٹرمیں 11غیرملکی اور 6 پاکستانی مسافر سوار تھے۔
واضح رہے کہ آج بروز جمعہ گلگت میں چین کے تعاون سے نلتر پاور پراجیکٹ اور چیئر لفٹ منصوبے کے افتتاح کے لیے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا دورہ کرنے والے تھے لیکن حادثے کی وجہ سے انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کردیا۔