الوقت کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کے کہنا ہےکہ جنرل ہیڈ کوارٹرراولپنڈی میں کورکمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت ہوئی کانفرنس میں پیشہ وارنہ امور پر غور کیا گیا جب کہ شرکا نے ملک کی اندرونی وبیرونی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ عسکری قیادت نے فوجی آپریشن ضرب عضب اور ملک بھر میں خفیہ معلومات پر جاری آپریشنز کے نتائج اور پیش رفت پربھی غورکیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے کہاکہ پاکستان، عوام اور بہادرمسلح افواج کی عزت واحترام کاہر حالت میں تحفظ کیاجائے گا، دہشت گردوں کے خلاف جنگ غیر سیاسی اور بلاتخصیص انداز میں لڑی جارہی ہے اور اس کا مقصد ملک میں امن کا قیام ہے۔ فوجی آپریشن ضرب عضب جس کوپوری قوم کی حمایت حاصل ہے یہ دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قبائلی علاقوں کے الگ تھلگ حصوں میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں، دہشت گردوں ،جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف شہری علاقوں میں خفیہ معلومات پرآپریشنز کو تیزکیاجائے تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم کیاجاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں دہشت گردی کوہوادینے میں بھارتی خفیہ ادارےرا کے کردار کا سختی سے نوٹس لیا گیا۔ پاکستان میں کورکمانڈرز کانفرنس ایسے میں منعقد ہوئی ہے کہ جب اس ملک کو دھشتگردی کا سامنا ہے جس میں حکومت اور فوج کے دعووں کے باوجود دھشتگردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔اور اب اس قسم کے بیان کے بعد بھارت کے ساتھ اس ملک کے کشیدہ تعلقات مزید کشیدگی کا شکار ہو سکتے ہیں۔