الوقت کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کی درخواست پر لاہور کے حلقہ این اے 125 میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے الیکشن ٹریبونل نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے این اے 125 میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ ٹریبونل کے مطابق حلقے کے 265 پولنگ اسٹیشنز میں سے 7 میں بے ضابطگیاں پائی گئیں اس لئے تمام امیدواراپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے اور اس حلقے سے خواجہ سعد رفیق اب ممبر قومی اسمبلی نہیں رہے۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اس فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔جبکہ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے میں کہیں یہ نہیں کہا گیا کہ این اے 125 میں دھاندلی کی گئی بلکہ پریزائڈنگ اور ریٹرنگ افسران کو قصور وار ٹہرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 125 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق ایک لاکھ 23 ہزار416 ووٹ کےساتھ کامیاب ہوئے تھے جب کہ ان حریف تحریک انصاف کے رہنما حامدخان 84 ہزار495 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پرتھے۔