الوقت - پاکستان نے امریکہ کی جانب سے پاک - ہندوستان امن مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے بھی پاک - ہندوستان تعلقات میں بہتری کے لئے ثالثی کی پیشکش کی تھی جس کا ہم نے خیر مقدم کیا تھا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے جس میں ہندوستان کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور اس کا جیتا جاگتا ثبوت كلبھوش یادو کے اعترافات ہیں جبکہ اس کے علاوہ بہت سی ایسی چیزیں ہیں جس میں یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ ہندوستان، پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔
نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان، خطے میں امن چاہتا ہے اور ہمارے وزیر اعظم نواز شریف کا بھی یہی خیال ہے تاکہ اقتصادی ترقی سے علاقے میں بسنے والے تمام افراد فائدہ اٹھا سکیں اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان، دوسرے ممالک کے ثالثی کے کردار کو اس لئے منسوخ کرتا ہے کیونکہ وہ علاقے میں امن نہیں چاہتا اور علاقے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لئے امریکہ کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کو ہندوستان نے مسترد کر دیا ہے۔