الوقت - عراق کے وزیر اعظم نے ملک کی رضاکار فورس کی ٹھوس حمایت کرتے ہوئے داعش کی جانب سے موصل میں کئے گئے جرائم کی جانب اشارہ کیا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے واضح الفاظ میں کہا کہ عراق کی الحشد الشعبی یعنی رضاکار فورس کی جانب بڑھنے والے ہر ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا۔ رضاکار فورس ملک کی عزت و آبرو نیز اتحاد کی حمایت کرتی ہے اور ہم سب کو ان کا دفاع کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی تاریخ ساز ہیں اور ہم جنگ کے آخری مرحلے میں ہیں، کچھ افراد افواہیں پھیلا رہیں ہیں اور ہم ان کو دہشت گردوں کے دفاع کی اجازت نہیں دیں گے۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ قومی اتحاد نے ملک کو نئی امیدیں عطا کی ہیں۔ ہمارے مجاہدین نے داعش کے وجود سے ملک کی سرزمینوں کو آزاد کرانے کے اپنے وعدے پر عمل کیا۔ ہم کو الحشد الشعبی کی سیاسی حمایت کرنی چاہئے۔
حیدر العبادی نے کہا کہ ہمارے دشمن بزدل اور خبیث ہیں اور وہ ہمارے بہادر اور شجاع فوجیوں کے عزائم کے سامنے ٹک نہیں سکتے، اگر چہ وہ میدان جنگ میں شکست کھا چکے ہیں لیکن ان کو کم سمجھنا نہیں چاہئے۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں، رضاکار فورس ، پولیس اور انسداد دہشت گردی کی ٹیم نے جنگ میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور ان میں داعش کے قبضے میں باقی بچے علاقوں کو آزاد کرانے کا مضبوط ارادہ پایا جاتا ہے۔