الوقت - روس کے شہر سینٹ پيٹرز برگ میں زیر زمین ٹرینوں میں دھماکے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی نیوز ایجنسی تاس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق سینٹ پيٹرز برگ کی میٹرو ٹرین میں ہونے والے دھماکے میں دس افراد ہلاک ہو گئے۔ دھماکہ کے بعد شنيا پلوشاڈ میٹرو اسٹیشن پر مختلف ایمبولینسز اور امدادی کارکن پہنچ گئے۔ سینٹ پيٹرز برگ کی ایمرجنسی سروس کا کہنا تھا کہ دھماکے دو مختلف میٹرو اسٹیشنوں کی دو مختلف ٹرینوں میں ہوئے۔ نیوز ایجنسی انٹرفیكس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم از کم ایک دھماکے میں شارپنل سے بھری ڈیوائس کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں بیس افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی میڈیا فونٹینكا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دھماکے کے بعد تین میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایمرجنسی سروس کے ذرائع نے دھماکے میں دس افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ روسی صدر ولاديمير پوتين نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم واقعے کے دہشت گردی سمیت تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔