الوقت - عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراق کی صورتحال میں ایران کے مثبت کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی زیادہ تر سرحدیں ایران کے ساتھ ملتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بغداد، تہران کے ساتھ ہمیشہ تعاون پر زور دیتا ہے۔
روئٹرز کی جمعے کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے الحرۃ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں توسیع ہو رہی ہے اور موجودہ وقت میں عراق میں بالخصوص مقدس مقامات اور شہروں میں لاکھوں ایرانی زائرین کی وجہ سے ملک کے کچھ صوبوں سے بے روزگاری ختم ہو گئی ہے۔
عراقی وزیر اعظم نے علاقائی مسائل اور کچھ ممالک میں پائی جانے والی بدامنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اختلافات کی وجہ سے کچھ ممالک میں المیہ پیدا ہو گیا اور انہی المیے میں سے ایک دہشت گرد گروہ داعش بھی ہے۔
حیدر العبادی نے داعش کے کنٹرول سے آزاد ہونے والے علاقوں میں امن کی بحالی کے بارے میں کہا کہ سولہ لاکھ مہاجر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں اور یہ عراق حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا پروگرام تمام صوبوں میں امن و استحکام کی بحالی ہے اور اسی مقصد سے اسکولوں، اسپتالوں اور پانی و بجلی کی تنصیبات سمیت بنیاد ڈھانچے کی تعمیر نو حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔