الوقت - ایک دہشت گرد گروہ جماعت الاحرار نے پاراچنار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ايرنا کی رپورٹ کے مطابق تحریک طالبان پاكستان کی ایک شاخ جماعت الاحرار نے ویڈیو جاری کرکے جمعے کو ہونے والے پاراچنار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
جمعے کو شمال مغربی پاکستان کی كرم ایجنسی کے پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ پاراچنار شیعہ اکثریتی علاقہ ہے۔
اس سے پہلے بھی طالبان، لشکر جھنگوی اور جماعت الاحرار اس علاقے میں دہشت گردانہ حملے کرتے آئے ہیں۔
21 جنوری کو پاراچنار کی پھل منڈی میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 25 افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے الگ الگ بیان جاری کرکے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے۔