الوقت - مشرق وسطی کے استحکام کے لئے ایران کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکی جنرل جوزف وٹل نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لئے سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ وٹل نے بدھ کو ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایران ایک ایسے علاقے میں سرگرم ہے جسے میں گرے زون کہتا ہوں اور یہ مختلف ممالک کے درمیان مقابلے کا علاقہ ہے اور اب صرف براہ راست جنگ کی کمی ہے۔
وٹل نے ایران پر علاقے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جنگجوؤں کو ٹریننگ دے رہا ہے اور سائبر کاروائیاں کر رہا ہے۔
امریکی جنرل نے کہا کہ ہمیں اب فوجی کارروائی کرکے ایران کو لگام لگانی چاہئے اور ایسے مواقع کی تلاش کرنی چاہئے جس سے ہم ان کو ان کے اعمال کے لئے ذمہ دار قرار دے سکیں۔
حال ہی میں ایران کے میزائل پروگرام کو لے کر ٹرمپ نے تہران کو دھمکی دی تھی اور دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کے طور پر وٹل وسطی ایشیا اور مشرق وسطی میں امریکی فوج کی کمان سنبھال رہے ہیں۔ علاقے میں وٹل کی کمانڈ میں 80،000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔
وٹل نے ایران کو یہ دھمکی ایسے وقت میں دی ہے کہ جب حال ہی میں عراق کے شہر موصل میں امریکی فضائی حملوں میں 200 سے زائد عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔