الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے تعلقات، توسیع کی جانب گامزن ہیں اور تہران، ماسكو سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کی رات روس کے وزیر اعظم دیمیتری مدویدیف سے ماسكو میں ہوئی ملاقات میں کہا کہ امید ہے کہ ان کے روس کے دورے سے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی اور بین الاقوامی معاملات میں باہمی تعاون کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون میں توسیع کے عمل میں ایک نیا باب کھل جائے گا۔
انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایران اور روس کے تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یقینا یہ تعاون، علاقے اور دنیا میں امن، سیکورٹی اور استحکام کے عمل پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
اس ملاقات میں روس کے وزیر اعظم دیمیتری مدویدیف نے ایران کے صدر کے دورہ روس کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات اعلی سطح پر ہیں اور یقینی طور پر صدر روحانی کا یہ دورہ، تہران اور ماسكو کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر اپنے روسی ہم منصب ولادیمير پوتين کی باضابطہ دعوت پر پیر کی شام ماسكو پہنچے ہیں۔