الوقت - شام کے دفاعی سسٹم نے اسرائیل کے جنگی طیارے کو مار گرایا ہے ۔
شام کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اس ملک کے دفاعی سسٹم نے جمعے کی صبح اسرائیل کے جنگی طیارے کو مار گرایا ۔ میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق، شام کی فوج نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے اسرائیلی جنگی طیارے کو مار گرایا۔
اسی درمیان اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے شکایت کی ہے کہ شام کے میزائلوں نے اسرائیلی جنگی طیاروں پر حملہ کیا۔ اسرائیل کے فوجی ترجمان کے مطابق گزشتہ چھ برسوں میں یہ پہلی بار ہے کہ شام نے اسرائیل کے طیاروں پر میزائل سے حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے کئی بار یہ رپورٹیں آ چکی ہیں کہ اسرائیل کے جنگی طیارے، شام کی سرحد کی خلاف ورزی کرکے حملے کی کوشش کرتے آئے ہیں جنہیں ہر بار ناکام بنا دیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کا دعوی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے شام کے اندر حزب اللہ لبنان کے ہتھیاروں کے ذخائر کو نشانہ بنایا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے کئی بار شام کی حکومت یہ اعلان کر چکی ہے کہ ملک کے اندر متحارب دہشت گرد گروہوں کی حمایت اسرائیل اور بعض علاقائی عرب ممالک کر رہے ہیں۔ شام کی فوج نے دہشت گرد گروہوں سے ایسے بہت سے ہتھیار ضبط کئے ہیں جو اسرائیل ساختہ ہیں۔
2011 سے شام میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ تخریبی کاروائیاں کر رہے ہیں جن میں اب تک 4 لاکھ 70 ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور شام کی آدھے سے زیادہ شہری ہجرت پر مجبور ہوئے ہیں ۔