الوقت - امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف وٹیل کا کہنا ہے کہ بر صغیر میں جوہری تنازع کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
جنرل وٹیل نے یہ بات امریکی سینیٹ کمیٹی کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے سفارتی سطح پر پاکستان کو الگ تھلک کرنے کی پالیسی مشکلات کا سبب بن رہی ہے کیونکہ اس طرح جنوبی ایشیا میں جوہری تنازع پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اپنی بریفنگ میں پاکستان کو امریکا کا اہم شریک قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کچھ ایسے اقدامات کئے گئے ہيں جو ہمارے لئے مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جوز نکولسن اور پاک آرمی چیف، افغان – پاک سرحد پر چھپے دہشت گردوں کے خلاف مل کر کاروائی کر رہے ہیں۔
انہوں ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ پاکستان میں ہندوستان کے مخالف مسلح افراد کے خلاف کاروائی نہ ہونے سے بھی ہندوستان کو تشویش ہے۔ امریکی جنرل نے سرجکل اسٹرائیک کے ہندوستانی دعوے کی بھی تصدیق کر دی۔ واضح رہے کہ پاکستان شروع سے ہی سرجکل اسٹرائیک کی تردید کرتا آ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہائی کا شکار کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کی جانب سے تعلقات میں بہتری کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔