الوقت - عراق کی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے دہشت گرد گروہ داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادي کو مغربی موصل سے فرار ہونے میں مدد کی۔
خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کی رضا کار فورس کے کمانڈر جواد الطليباوی نے گزشتہ رات کہا کہ امریکی فوجیوں نے البغدادی کو موصل کے مغربی علاقے سے نکال کر اس شہر کے جنوب میں 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الحضر شہر اور القيران علاقے کے درمیان علاقے میں منتقل کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں نے یہ کام اس وقت انجام دیا جب عراق کی رضاکار فورس دہشت گرد گروہ داعش کے عناصرکے وجود سے مغربی موصل کو پاک رہی تھی۔ جواد الطليباوی نے کہا کہ عراقی سیکورٹی فورس داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے خفیہ اڈے کو تلاش رہی ہے۔
واضح رہے کہ ابوبکر البغدادی کے گرفتار ہو جانے سے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بہت سے سیکورٹی بحرانوں کے بارے میں پتہ چل سکے گا اور دہشت گردی کے پھیلنے اور دہشت گردوں کی حمایت میں علاقے کے بعض ممالک کا کردار واضح ہو جائے گا۔
دہشت گرد گروہ داعش نے 2014 میں امریکہ، سعودی عرب اور ترکی سمیت اس کے مغربی اور عرب اتحادیوں کی حمایت سے عراق پر حملہ کیا اور اس ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں کے بہت بڑے حصے پر قبضہ کر لیا اور متعدد جرائم انجام دیے۔ اس وقت سے لے کر اب تک عراقی سیکورٹی فورس نے بہت سے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔