الوقت - مصری صدر نے جرمن چانسلر سے قاہرہ میں ملاقات میں کہا کہ مصر اس اصول پر پابند رہنے کے ساتھ کہ وہ شام کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرے گا، دہشت گردوں کو ختم کرنے میں شام کی فوج کی حمایت کرتا ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی نے جمعرات کو جرمن چانسلر انگلا مرکل کے ساتھ قاہرہ میں مشترکہ پریس كانفرنس میں کہا کہ علاقے میں جو ملک دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت بند کریں۔
عبد الفتاح السیسی نے شام کی ارضی سالمیت کے احترام اور اس ملک کی تعمیر نو پر تاکید کرتے ہوئے دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت بند کریں۔
مصر کے صدر نے اسی طرح کہا کہ لیبیا میں امن کے قیام سے علاقے اور یورپ میں امن کے قیام میں مدد ملے گی اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک کو چاہیے کہ وہ اس ملک میں اپنے اقدامات بند کریں۔
جرمن چانسلر انگلا مرکل نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ شام کے بحران کا فوجی حل نہیں ہے اور جرمنی اقوام متحدہ کی نگرانی میں سیاسی طریقے سے شام کے بحران کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
جرمن چانسلر نے اسی طرح غیر قانونی نقل مکانی کے مسئلے سے مقابلے کے بارے میں بیان دیا۔
جرمن چانسلر کے دورہ مصر سے پہلے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مرکیل سے درخواست کی تھی کہ وہ انسانی حقوق کے بارے میں بھی مصر کے صدر عبد الفتاح السيسی سے مذاکرات کریں۔
واضح رہے کہ عوام کی جانب سے منتخب صدر محمد مرسی کے اقتدار سے ہٹا دیئے جانے اور السيسی کے اقتدار میں آ جانے کے بعد مصر میں وسیع پیمانے پر بدامنی کے واقعات ہوئے تھے اور مخالفین کی سرکوبی کی گئی تھی۔