الوقت - عراق کی رضاکار فورس تحریک اہل الحق کا کہنا ہے کہ امریکی موصل شہر سے داعش اور غیر ملکی خفیہ عناصر کے انخلاء کی کوشش کر رہے ہیں۔
تحریک اہل الحق کے ترجمان جواد الطلیباوی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، موصل شہر سے غیری ملکی خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹوں اور داعش کے عناصر کو بحفاظت نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے تعلق سے کہا کہ ہمارے پاس ایسے دستاویزات اور ثبوت ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ امریکا داعش کی مدد کے ڈرامے کی کوشش کر رہا ہے۔ الطلیباوی نے کہا کہ امریکا پوری کوشش کر رہا ہے کہ کسی بھی طرح سے موصل کی چھاونیوں میں تعینات دوسرے ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹوں اور داعش کے عناصر کو بحفاظت موصل سے نکال لے۔
تحریک اہل الحق کے ترجمان نے تاکید کی کہ ان افراد نے گزشتہ دو برسوں کے دوران عراق کے متعدد علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں اور داعش کی کاروائیوں اور میدان جنگ کا منصوبہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
الطلیباوی نے کہا کہ عراقی فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں کے ذریعے داعش کے محاصرے کا حلقہ جتنا بھی تنگ ہوتا جاتا ہے، محاصرے کا شکار علاقوں میں داعش مخالف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کے فوجیوں کا آپریشن اتنا ہی تیز ہو جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نام نہاد بین الاقوامی اتحاد کی کاروائیوں کا ہدف، داعش کے عناصر اور غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹوں کو گرفتاری سے روکنا ہے۔