الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستانی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی توسیع پر تاکید کی ہے۔
منگل کی شام تہران میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایک مشترکہ اجلاس میں بجلی، توانائی، بینکنگ اور کسٹم سمیت دیگر اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں جاری دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کے صدر مملکت کے حالیہ دورہ پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک کو نظریات کے تبادلے اور مشترکہ ادارک میں توسیع کی ضرورت ہے، تاکہ آپس میں کوئی غلط فہمی نہ ہو سکے اور موجودہ غلط فہمياں دور ہو جائیں۔
پاکستانی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علاقائی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے اور اسلام آباد دہشت گردوں کے خلاف مہم میں مصروف ہے۔
سرتاج عزیز نے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون پر تاکید کی ۔
پاکستانی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز ایران کے اعلی حکام کے ساتھ دوطرفہ مسائل پر گفتگو کے لئے تہران کے دورے پر ہیں۔