الوقت - روس کے وزیر خارجہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ماسکو کو اس بات پر مکمل اعتماد ہے کہ ایران جےسی پی اے کی بنیاد پر اپنے تمام وعدوں پر عمل کرے گا، کہا کہ امریکی فریق کو بھی اس اہم بین الاقوامی معاہدے میں اپنی شرکت کو جاری رکھنا چاہئے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے میونخ سیکورٹی کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو جامع مشترکہ ایکشن پلان یا جے سی پی او اے کے بارے میں اپنی شرکت کو جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری معاہدہ بدستور باقی ہے اور امریکی فریق کو اس بین الاقوامی مفاہمت کی حفاظت کے لئے اپنی شرکت کو جاری رکھنا چاہئے۔
روس کے وزیر خارجہ نے اسی طرح کہا کہ ایران کے خلاف عائد کی گئی پابندیاں، اقوام متحدہ کے تناظر سے ہٹ کر اور یک طرفہ طور پر عائد کی گئی ہیں اور جےسی پي اے میں جو اتفاق ہوا ہے اس کی بنیاد ان سب کو ختم ہو جانا چاہئے۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل يوكيا امانو نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران، گروپ پانچ جمع ایک ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی بنیاد پر اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور اس اہم بین الاقوامی معاہدے میں شامل تمام فریقوں کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہئے۔