الوقت - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے صیہونی حکومت کے ایٹمی ذخائر کو پوری دنیا کے امن اور استحکام کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے جمعرات کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں بے بنیاد دعوؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے جوہری ذخائر میں سیکڑوں ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں اور وہ مشرق وسطی اور دنیا میں امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بے بنیاد دعوے اس حکومت کی جانب سے بارہا کئے جاتے ہیں جو کسی بھی بین الاقوامی قانون اور اصول کو قبول نہیں کرتی اور فلسطین کے مظلوم عوام اور دیگر پڑوسیوں کے خلاف غیر انسانی اقدامات اور بے پناہ جرائم سے اس حکومت کی فائل بھری ہوئی ہے جسے اقوام متحدہ کی مختلف رپورٹوں میں پیش کیا گیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور نتن ياهو کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں تھی بلکہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں وہی سب گھسے پٹے بے بنیاد اور تکراری دعوؤں کو ہی پیش کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف دعوے ایسی حالت میں بارہا کئے گئے ہیں کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے اپنی مختلف رپورٹوں میں ایران کے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کی تصدیق کی ہے۔