الوقت - پاکستان کی پنجاب اسمبلی کے سامنے خود کش دھماکے میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت 14 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے نیوز چینل ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ خود کش دھماکہ پیر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے واقع مال روڈ پر ہوا جہاں دوا فروشوں کا دھرنا اور مظاہرہ چل رہا تھا۔ اس دہشت گردانہ حملے میں کئی پولیس افسران سمیت کچھ صحافیوں کے بھی ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پنجاب پولیس کے حکام کے مطابق یہ دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہوکر آئے تھے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، جس کی وجہ سے بہت سے افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فورا بعد پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو گنگا رام اور میو اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 10 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئیں اور دھماکے سے لگنی والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔