الوقت - ایرانی سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت تہران کے مضافاتی علاقوں میں داعش کے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
جمعے کو ایران کے اٹارنی جنرل محمد جعفر منتظری نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے تکفیری دہشت گرد ایران کے قومی دن 22 بهمن کے موقع پر تہران میں بڑی دہشت گردانہ کاروائی انجام دینے کی سازش کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ جمعے 10 فروری کو ایران میں 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ منائی گئی، اس موقع پر کروڑوں افراد نے ریلیوں میں شرکت کی ۔
ایران کی جانب سے عراق اور شام میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف جاری مہم کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ہمیں اس بات کا پتا چلا کہ داعش ملک میں دہشت گردانہ حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے دہشت گردوں کے بارے میں مزید اطلاعات اگلے چند دنوں میں عام کی جائیں گی۔
ایران کے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے حمایت یافتہ مزاحمتی محاذ نے اگر دہشت گرد گروہ داعش کا راستہ نہ روکا ہوتا تو تکفیری دہشت گرد ایران کی سرحدوں تک پہنچ چکے ہوتے۔
منتظری نے کہا کہ اگر آپ اپنے دشمن کو ملک کی سرحدوں کے باہر ہی کاری ضرب نہیں لگاتے تو وہ آپ کے دروازے تک پہنچ جائے گا۔