الوقت - روس کے صدر ولادیمیر پوتين نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے معذرت خواہی کی ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روسی جنگی طیاروں کے حملے میں اتفاق سے ترکی کے تین فوجی مارے گئے جس پر روسی صدر نے اپنے ترک ہم منصب سے افسوس کا اظہار کیا اور انہیں تعزیت پیش کی ہے۔
روسی جنگی طیاروں نے شام کے الباب شہر کے قریب حملہ کیا تھا جس میں ترکی کے 11 فوجی زخمی بھی ہو گئے۔
ترکی کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے اس حملے میں ترک فوج کے جمع ہونے کی جگہ پر بمباری کر دی۔
در ایں اثنا روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیسكوف نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک اور ترکی، شام کے الباب شہر میں تین ترک فوجیوں کے بمباری میں ہلاکت کی مشترکہ تحقیقات کریں گے۔
واضح رہے کہ انقرہ ایسی صورت میں شام میں فوجی کارروائی کے جاری رہنے پر زور دے رہا ہے جب دمشق نے شام میں ترکی کی فوجی کارروائی کی مذمت کی ہے اور اسے شام کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔