الوقت - غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے تازہ حملوں میں دو فلسطینی شہید اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جمعرات کی صبح غزہ پٹی کے جنوبی رفع پر میزائل سے حملہ کیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ نے صیہونی حکومت کے تازہ حملے کی تائید کرتے ہو ئے کہا کہ اس حملے میں 24 سالہ حسام حمید الصوفی اور 38 سالہ محمد انور الاقرع شہید ہوگئے جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہيں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مصر- فلسطین کے جنوبی رفع علاقے پر میزائل فائر کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگي طیاروں نے مصر کے سرحدی علاقے میں واقع ایک سرنگ پر حملہ کیا جس میں یہ دو افراد شہید اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب افراد محنت کش اور مزدور تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابو یوسف النجار اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
صیہونی حکومت کا یہ حملہ ایسی حالت میں ہوا کہ صیہونی ذرائع ابلانے نے مصر کے جزیرہ سینا سے ایلات شہر پر میزائل حملے کی اطلاع دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ، جزیرہ سینا کی جانب سے فائر کئے جانے والے میزائل حملے کا رد عمل ہیں۔