الوقت - فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پٹی میں کشیدگی میں اضافہ کرنے کے نتائج کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
پیر کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے متعدد علاقوں پر بمباری کی تھی۔ صیہونی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی پر بمباری کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت کے ٹھکانوں پر حملے کئے تھے ۔
تسنيم نیوز کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ ناکہ بندی سے گھرے غزہ پٹی کے شمالی علاقے میں واقع بیت لاہيہ میں صیہونی جنگی طیاروں نے فلسطینی مزاحمت کے ٹھکانوں پر ميزائل سے حملہ کیا۔ صیہونی فضائیہ نے ایف -16 جنگی طیاروں سے غزہ پر بمباری کی تھی ۔
پیر کی صبح صیہونی میڈیا نے دعوی کیا کہ غزہ سے ایک راکٹ صیہونی کالونیوں کی جانب فائر ہوا جس کی وجہ سے ان کالونیوں میں خطرے کا سائرن بجنے لگا۔ کچھ فلسطینی ذرائع نے غزہ شہر میں 3 دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملوں میں دو فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
حماس کے ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو فلسطین کے نہتھے اور مظلوم عوام پر ظلم کرنے سے روکنے کے لئے دباؤ ڈالے۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل ایسی صورت میں غزہ پٹی پر بمباری کر رہا ہے کہ 2006 سے یہ علاقہ صیہونی حکومت کے مکمل محاصرے میں ہے اور یہاں کے عوام کو بنیادی ضرورتیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔