الوقت - روس کے وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ ایران کو داعش کے ساتھ جنگ کی حکمت عملی کا حصہ ہونا چاہئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے۔
تاس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے دہشت گرد گروہوں خاص طور پر داعش کے خلاف مہم میں اپنے حصے کی ذمہ داری انجام دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا کبھی بھی داعش یا نصرہ فرنٹ اور دیگر دہشت گرد گروہوں سے کوئی رابطہ نہیں رہا ہے جن کو سیکورٹی کونسل نے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ سے ان دہشت گرد گروہوں سے جد جہد کی ہے۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہم کافی عرصے سے دہشت گردوں کے خلاف ایک محاذ کی تشکیل کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران، شام میں اپنے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے ذریعے شام کی قانونی حکومت کی درخواست پر دہشت گردوں کے خلاف جد جہد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ وہی چیز ہے جس کی عرصے سے ہم کوشش کر رہے ہیں، یعنی دہشت گردی کے خلاف ایک عالمی محاذ کی تشکیل کی کوشش۔
انٹرفیکس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ماسکو، شام میں جنگ بندی کے موضوع پر اردن کے ساتھ نزدیکی تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔